امریکی قبضے میں لیا گیا ایرانی جہاز 'ایم وی توسکا' عملے سمیت پاکستان منتقل

واشنگٹن(رم نیوز) امریکہ نے خلیجِ عمان سے قبضے میں لیا گیا ایرانی مال بردار جہاز ایم وی توسکا عملے کے 22 ارکان سمیت پاکستان کے حوالے کر دیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق اس اقدام کا مقصد جہاز کی ایران واپسی کو یقینی بنانا ہے۔ امریکی فورسز نے 19 اپریل کو پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزام میں اسے چاہ بہار کے قریب سے پکڑا تھا۔ایران نے اس کارروائی کو غیر قانونی قرار دیا تھا، جبکہ اب صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے بحری انتظام میں کسی بھی امریکی مداخلت کو جنگ بندی کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔ اس وقت آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث تقریباً 20 ہزار ملاح اور سینکڑوں جہاز پھنسے ہوئے ہیں، اور پاکستان کو اس عمل میں شامل کرنا سفارتی سطح پر اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔