ملک بھر میں گرمی کی لہر برقرار، بالائی علاقوں میں آندھی اور بارش کے ساتھ ژالہ باری کا الرٹ

لاہور(رم نیوز) ملک کے میدانی علاقوں میں سورج کی تپش برقرار ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے آج بالائی حصوں میں موسم تبدیل ہونے اور بارش کی نوید سنائی ہے۔بارش اور ژالہ باری: اسلام آباد، پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے ان علاقوں میں چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی ہے۔ مری، گلیات، راولپنڈی اور لاہور سمیت شمال مشرقی پنجاب میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے، جبکہ جنوبی اور وسطی اضلاع میں آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع اور جنوبی بلوچستان میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، البتہ ژوب اور لورالائی کے گردونواح میں ہلکی بونداباندی ہو سکتی ہے۔