اسلام آباد(رم نیوز) دریائے چناب میں پانی کی آمد میں اچانک بڑی کمی کے معاملے پر پاکستان نے بھارت سے باقاعدہ وضاحت طلب کر لی ہے۔ وزارتِ آبی وسائل کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی روکنا بین الاقوامی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ واپڈا کے اعداد و شمار کے مطابق ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں 11 ہزار 900 کیوسک کی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد آمد محض 9 ہزار کیوسک رہ گئی ہے۔
ہاکستانی انڈس واٹر کمشنر نے بھارتی ہم منصب سے رابطہ کر کے اس غیر معمولی کمی کی وجوہات اور تفصیلات طلب کی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مرالہ کے مقام پر پانی کی یہ صورتحال معاہدے کی شقوں سے مطابقت نہیں رکھتی اور بھارت یکطرفہ طور پر پانی روک کر خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔