بشری بی بی کی ذاتی معالج تک رسائی کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 6 مئی کو طلب کر لیا

اسلام آباد(رم نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی ذاتی معالج اور اہلخانہ سے ملاقات سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ بشریٰ بی بی کی بیٹی کی جانب سے دائر درخواست پر دو روز کے اندر تحریری فیصلہ کریں اور پیش رفت سے آگاہ کرنے کے لیے 6 مئی کو عدالت میں پیش ہوں۔ سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ 16 اور 17 اپریل کی درمیانی شب بشریٰ بی بی کی سرجری ہوئی تھی، جس کے باعث انہیں طبی سہولیات اور معالج تک رسائی کی ضرورت ہے۔ عدالت کے استفسار پر وکیل نے ثابت کیا کہ جیل حکام کو کوریئر اور دستی طور پر درخواستیں دی جا چکی ہیں۔عدالت نے سٹیٹ کونسل کو ہدایت کی ہے کہ اگلی سماعت سے قبل اس درخواست پر قانونی فیصلہ یقینی بنایا جائے تاکہ قیدی کے حقوق کا تحفظ ہو سکے۔ کیس کی مزید سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔1