اوپیک پلس کا بڑا فیصلہ، تیل کی پیداوار میں یومیہ ایک لاکھ 88 ہزار بیرل کمی کا اعلان

کویت (رم نیوز) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی تنظیم سے علیحدگی کے بعد اوپیک پلس نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور فراہمی کو متوازن رکھنے کے لیے پیداوار میں بڑی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی عرب، روس، عراق، کویت، قازقستان، الجزائر اور عمان سمیت سات رکن ممالک نے یومیہ 1 لاکھ 88 ہزار بیرل پیداوار کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پیداوار میں یہ تبدیلیاں جون 2026 سے نافذ العمل ہوں گی، جس کا مقصد یو اے ای کے نکلنے کے بعد پیدا ہونے والے اثرات کو زائل کرنا ہے۔متحدہ عرب امارات نے حال ہی میں 59 سالہ رفاقت کے بعد اوپیک سے نکلنے کا حیران کن اعلان کیا تھا، جس کے بعد تنظیم نے مارکیٹ کے استحکام کے لیے یہ ہنگامی قدم اٹھایا ہے۔ اوپیک حکام کے مطابق اس فیصلے کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر توانائی کے نظام میں استحکام کو برقرار رکھنا اور تیل کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال کو روکنا ہے۔