اسلام آباد(رم نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن ریفرنس میں بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی مرکزی اپیلوں کو باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے حکم جاری کر دیا ہے۔عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کیس کے اہم قانونی نکات اور مرکزی اپیلوں پر تفصیلی بحث 7 مئی کو کی جائے گی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی سربراہی میں بینچ نے ریمارکس دیے کہ چونکہ اب مرکزی اپیلوں کو ہی براہِ راست سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے، اس لیے سزا معطلی کی متفرق درخواستیں اپنی اہمیت کھو چکی ہیں اور انہیں غیر مؤثر قرار دے کر نمٹا دیا گیا ہے۔ یہ ریفرنس برطانیہ سے پاکستان منتقل ہونے والی خطیر رقم اور اس کے عوض مبینہ طور پر زمین کی غیر قانونی منتقلی کے الزامات پر مبنی ہے، جس کی تحقیقات نیب کر رہا ہے۔