کراچی(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے صاف اور پائیدار سمندری ماحول کو ملکی معیشت کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کراچی پورٹ پر بڑے پیمانے پر صفائی مہم مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی بندرگاہ کے مختلف حصوں سے ریکارڈ 16,430 کلوگرام کچرا جمع کیا گیا۔ اس میں پلاسٹک، ماہی گیری کا فضلہ اور تیرتی ہوئی آلودگی شامل تھی جو جہاز رانی اور سمندری حیات کے لیے خطرہ بنی ہوئی تھی۔
صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 54 کشتیاں تعینات کی گئیں، جبکہ 164 اہلکاروں نے دن رات مختلف شفٹوں میں کام کر کے ایسٹ وارف، ویسٹ وارف اور بوٹ بیسن جیٹی کو صاف کیا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ مستقبل میں بندرگاہوں کی نگرانی کے لیے جدید ویسٹ کلیکشن آلات اور مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرائے جائیں گے تاکہ آلودگی کا مستقل خاتمہ ممکن ہو سکے۔
جنید انوار چوہدری نے چیئرمین کراچی پورٹ ایڈمرل شاہد احمد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندری ماحول کی بہتری سے عالمی سطح پر پاکستان کی بندرگاہوں کا اعتماد بڑھے گا اور تجارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمع شدہ کچرے کو ماحولیاتی قوانین کے مطابق بحفاظت ٹھکانے لگا دیا گیا ہے۔