خطرناک ہانٹا وائرس کا انتباہ، چوہوں سے پھیلنے والی بیماری کے لیے عالمی ادارہ صحت کی ہدایات جاری

جنیوا(رم نیوز) عالمی ادارہ صحت (WHO) نے ہانٹا وائرس کو انسانی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ نایاب وائرس پھیپھڑوں کو ناکارہ بنا کر جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق ہانٹا وائرس چوہوں اور کترنے والے دیگر جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ یہ وائرس متاثرہ چوہوں کے فضلے، پیشاب یا لعاب سے آلودہ گرد و غبار کے ذریعے سانس کے راستے انسانی جسم میں داخل ہوتا ہے۔

ابتدائی مرحلہ: متاثرہ فرد کو شدید بخار، سر درد، پٹھوں میں درد اور تھکن محسوس ہوتی ہے۔

خطرناک مرحلہ: وائرس پھیپھڑوں پر حملہ آور ہوتا ہے، جس سے سانس لینے میں شدید دشواری، کھانسی اور سینے میں جکڑن پیدا ہوتی ہے۔

عالمی ادارے نے واضح کیا ہے کہ اس وائرس کا کوئی خاص علاج یا ویکسین موجود نہیں، لہٰذا احتیاط ہی واحد حل ہے۔ گھروں اور کام کی جگہوں پر چوہوں کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں۔مشکوک جگہوں کی صفائی کے دوران ماسک اور دستانے پہنیں اور جھاڑو کے بجائے گیلا کپڑا استعمال کریں تاکہ وائرس ہوا میں نہ پھیلے۔کھانے پینے کی اشیا کو چوہوں کی پہنچ سے دور اور بند ڈبوں میں محفوظ رکھیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر چوہوں کی موجودگی والے علاقوں میں رہنے کے بعد بخار یا سانس کی تکلیف جیسی علامات ظاہر ہوں تو اسے معمولی انفیکشن سمجھنے کے بجائے فوری ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔