بانی پی ٹی آئی کا اکاؤنٹ اور ملاقاتوں میں رکاوٹ، عدالت کی بیرسٹر گوہر کو نوٹس کے ساتھ جیل حکام کو سخت ہدایات

اسلام آباد(رم نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے 'ایکس' اکاؤنٹ کی بندش اور جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر سے جواب طلب کیا۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اپنایا کہ یہ بانی پی ٹی آئی کا ذاتی اکاؤنٹ ہے جسے بند کرنا غیر قانونی ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ جیل انتظامیہ وکالت نامے پر دستخط کرانے میں تعاون نہیں کر رہی۔ عدالت نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے جیل حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے سوال کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی وکلا سے ملاقات کیوں نہیں کرائی جا رہی؟۔ عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی ہے۔