واشنگٹن(رم نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے قافلے کی گزرگاہ کے قریب مسلح شخص کی فائرنگ سے سنسنی پھیل گئی، سیکرٹ سروس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا جبکہ وائٹ ہاؤس کو کچھ دیر کے لیے سیل کر دیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ واشنگٹن یادگار کے قریب اس وقت پیش آیا جب نائب صدر جے ڈی وینس کا قافلہ وہاں سے گزر چکا تھا۔ مشتبہ شخص نے سکیورٹی اہلکاروں کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی اور پیچھا کیے جانے پر اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ سیکرٹ سروس کی جوابی گولیوں کا نشانہ بننے والا ملزم موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہگیر بچہ بھی معمولی زخمی ہوا۔
واقعے کے فوری بعد امریکی صدارتی محل 'وائٹ ہاؤس' میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے اور اسے مختصر مدت کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔سیکرٹ سروس کے ڈپٹی ڈائریکٹر میتھیو کوئن نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بظاہرہر نائب صدر اس فائرنگ کا ہدف نہیں تھے کیونکہ واقعہ ان کے گزرنے کے بعد ہوا۔اہلکاروں نے مشکوک حرکات پر ملزم کو رکنے کا اشارہ کیا تھا جس پر اس نے اسلحہ نکال لیا۔
تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ ملزم کا تعلق کسی گروہ سے تھا یا یہ ایک انفرادی کارروائی تھی۔ حکام نے اس واقعے کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملنے والی حالیہ دھمکیوں سے براہِ راست جوڑنے سے گریز کیا ہے، تاہم تمام پہلوؤں سے باریک بینی سے تفتیش جاری ہے۔