یو اے ای میں شدید موسم کے پیشِ نظر تعلیمی ادارے بند؛ ملک بھر میں 'آن لائن تعلیم' نافذ

ابوظہبی(رم نیوز) متحدہ عرب امارات کی وزارتِ تعلیم و تربیت نے ملک بھر میں غیر یقینی موسمی صورتحال کے باعث تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کو بند کرنے اور تدریسی عمل آن لائن پر منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ وزارتِ تعلیم کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔

اسی تناظر میں منگل 5 مئی 2026ء سے جمعہ 8 مئی 2026ء تک تمام نرسریوں، سکولوں اور کالجز میں باقاعدہ کلاسز معطل رہیں گی۔ آن لائن کلاسز کا دورانیہ: 5 مئی سے 8 مئی (منگل تا جمعہ) ہوگا۔ ملک بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے اس فیصلے کے پابند ہوں گے۔ صورتحال کا حتمی جائزہ 8 مئی (جمعہ) کو لیا جائے گا، جس میں حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکول دوبارہ کھولنے یا آن لائن مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا۔

حکام نے والدین اور سرپرستوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس دوران بچوں کی آن لائن حاضری کو یقینی بنائیں اور صرف سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں پر یقین کریں۔ یہ اقدام کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے اور تعلیمی تسلسل برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔