گوادر (رم نیوز)گوادر بندرگاہ نے مئی کے آغاز میں ہی ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے جہاں ماہِ رواں کا پہلا ٹرانس شپمنٹ کارگو جہاز 'ایم وی شو لانگ' (MV SHU LONG) لنگر انداز ہو گیا ہے۔ اس جہاز کی آمد سے بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل میں مزید تیزی آگئی ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور انوار چوہدری کے مطابق اس نئے جہاز میں 16 ہزار 77 میٹرک ٹن کارگو موجود ہے۔
بندرگاہ پر برتھنگ اور کارگو ہینڈلنگ کا عمل پوری تندہی اور تیزی سے جاری ہے تاکہ مقررہ وقت میں مال کی ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ خطے کی موجودہ بحری صورتحال اور جغرافیائی حالات کے پیشِ نظر، بین الاقوامی تجارتی جہازوں نے گوادر کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے۔ جنید انوار چوہدری نے اس حوالے سے بتایا کہ علاقائی صورتحال کے باعث جہازوں کا رخ گوادر کی جانب موڑا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ گوادر عالمی تجارت کے لیے ایک محفوظ اور قابل اعتماد مرکز بن رہا ہے۔
واضح رہے کہ اپریل کے مہینے میں بھی گوادر بندرگاہ پر 4 ٹرانس شپمنٹ جہازوں کی آمد ریکارڈ کی گئی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گوادر اب متبادل تجارتی روٹس میں ایک کلیدی مقام حاصل کر چکا ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ یہ بندرگاہ عالمی سپلائی چین میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔