اسلام آباد(رم نیوز)عالمی ادارے ’ہینلی پاسپورٹ انڈیکس‘ نے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ درجہ بندی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سنگاپور نے ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ دوسری جانب پاکستانی پاسپورٹ عالمی سطح پر بدستور نچلے درجے پر موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری دنیا کے 192 ممالک کا سفر بغیر ویزا کر سکتے ہیں۔
جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں (187 ممالک تک رسائی)۔ ناروے، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ کے شہری اوسطاً 183 سے 185 ممالک تک ویزا فری رسائی رکھتے ہیں۔فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ 98ویں نمبر پر ہے، جسے دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔پاکستانی شہری اب بھی صرف 31 ممالک تک ویزا فری یا 'آن ارائیول ویزا' کی سہولت کے تحت رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
کمزور رینکنگ کی وجوہات میں سیاسی عدم استحکام، معاشی حالات اور ہجرت کے رجحانات کو اہم عوامل قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں کو درج ذیل ممالک میں داخلے کی آسان سہولت میسر ہے۔ویزا فری ممالک میں بارباڈوس، ڈومینیکا، گیمبیا، ہیٹی اور سینٹ ونسنٹ (قیام 1 سے 6 ماہ) شامل ہے۔آن ارائیول ویزا میں قطر، مالدیپ، نیپال، روانڈا، کمبوڈیا اور موزمبیق شامل ہیں۔ای ویزا (آن لائن) میں آذربائیجان، سری لنکا، کینیا اور سیشلز شامل ہے۔
دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں افغانستان آخری نمبر پر ہے (صرف 23 ممالک تک رسائی)۔ شام دوسرے اور عراق تیسرے نمبر پر ہے، جس کے بعد چوتھا نمبر پاکستان کا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ویزا فری سہولت کے باوجود مسافروں کے پاس 6 ماہ کی میعاد والا پاسپورٹ، واپسی کا ٹکٹ اور کافی فنڈز ہونا ضروری ہے۔ افریقی ممالک کے سفر کے لیے یلو فیور اور پولیو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔