پاکستان کی درخواست پر امریکہ کا 'پراجیکٹ فریڈم' عارضی طور پر روکنے کا اعلان

واشنگٹن / اسلام آباد:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور دیگر دوست ممالک کی اپیل پر ایران کے خلاف جاری فوجی مہم 'پراجیکٹ فریڈم' کو مختصر مدت کے لیے معطل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور ایک حتمی معاہدے کی جانب اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔ امریکی صدر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں واضح کیا کہ یہ فیصلہ ایران کے خلاف حاصل ہونے والی غیر معمولی عسکری کامیابیوں اور سفارتی سطح پر ہونے والی پیش رفت کے بعد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان اور دیگر اتحادیوں کی درخواست پر ہم نے پراجیکٹ فریڈم کو عارضی طور پر روکنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ آیا ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے یا نہیں۔" صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اگرچہ فوجی کارروائیاں روکی جا رہی ہیں، لیکن ایران کی اقتصادی اور بحری ناکہ بندی بدستور پوری شدت کے ساتھ برقرار رہے گی۔ اس وقفے کا مقصد صرف سفارتی راستوں کو ایک آخری موقع فراہم کرنا ہے۔