بلوچستان کے علاقے رکھنی میں 5 شدت کا زلزلہ،ریسکیو ٹیمیں الرٹ، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں

کوئٹہ(رم نیوز) بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کا مرکز رکھنی سے 12 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا جبکہ اس کی گہرائی 30 کلومیٹر ماپی گئی ہے۔ زلزلے کے فوری بعد لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ دوسری جانب ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم احتیاطی طور پر امدادی ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔