اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار معاشی ترقی اور استحکام کے لیے کیپٹل مارکیٹ کا مضبوط ہونا ناگزیر ہے، جبکہ ملکی ترقی کے سفر میں نجی شعبے کی شمولیت کلیدی کردار ادا کرے گی۔ اسلام آباد میں کیپٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین توجہ کرنٹ اکاؤنٹ کے استحکام اور مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے کر مالیاتی نظام کو مستحکم بنایا جا رہا ہے، جبکہ توانائی کے شعبے میں متبادل ذرائع جیسے سولر، ونڈ اور ہاائیڈرو پاور پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ خود انحصاری حاصل کی جا سکے۔ محمد اورنگزیب نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری حالیہ تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی کشیدگی ہمارے لیے سبق ہے کہ معیشت کو بیرونی جھٹکوں سے محفوظ بنایا جائے۔
انہوں نے زبردست کارکردگی پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کو سراہا اور زور دیا کہ ملکی وسائل سے سرمایہ اکٹھا کرنا اور مقامی سرمایہ کاروں کو ترغیب دینا ہی معاشی خود انحصاری کا اصل راستہ ہے۔