اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان نے ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے مئی کے مہینے میں ایل این جی کی اسپاٹ خریداری کے ٹینڈرز جاری کر دیے ہیں۔ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق، پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (PLL) نے 2 ایل این جی کارگوز کی خریداری کے لیے عالمی کمپنیوں سے بولیاں (بڈز) طلب کر لی ہیں، جنہیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 مئی مقرر کی گئی ہے۔
موصول ہونے والی بولیاں اسی روز یعنی 7 مئی کو ہی کھولی جائیں گی۔ شیڈول کے مطابق، پہلے ایل این جی کارگو کی سپلائی 12 سے 14 مئی کے دوران حاصل ہوگی، جبکہ دوسرے کارگو کی سپلائی 24 سے 26 مئی کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کی تھی کہ پاکستان کو ایل این جی گیس موصول ہو چکی ہے، جس کے بعد ملک میں عارضی طور پر کی جانے والی بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ نئے کارگوز کی آمد سے ملک میں بجلی کی پیداوار اور فراہمی کا سلسلہ مزید مستحکم ہونے کی امید ہے۔