واشنگٹن(رم نیوز) امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے واشنگٹن، تہران اور اسلام آباد کے درمیان بیک وقت اہم مذاکرات جاری ہیں، جس میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ عالمی میڈیا ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق، تینوں دارالحکومتوں کے مابین اس وقت تجاویز کا تبادلہ کیا جا رہا ہے اور فریقین اپنی دفاعی حدود (ریڈ لائنز) واضح کر رہے ہیں۔
مذاکرات کے دوران امریکہ بضد ہے کہ کسی بھی دوسرے معاملے پر پیش رفت سے قبل ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت کی جائے، جبکہ ایران کا اولین مطالبہ ہے کہ ایرانی سمندروں کی ناکہ بندی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگرچہ ان مذاکرات میں مثبت پیش رفت کے امکانات کافی روشن ہیں، تاہم خطے کی حساس صورتحال کے پیش نظر یہ خدشہ بھی موجود ہے کہ کوئی بھی ایک ناخوشگوار واقعہ اس امن عمل کو سبوتاژ کر کے تنازع کو دوبارہ بڑھا سکتا ہے۔