پشاور(رم نیوز) امریکی محکمہ خارجہ نے خیبر پختونخوا میں قائم پشاور قونصل خانے کو مرحلہ وار مستقل طور پر بند کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، پشاور قونصل خانے کی بندش کا فیصلہ سفارتی عملے کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے اور دستیاب وسائل کے مؤثر ترین استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت اب خیبر پختونخوا سے متعلق تمام سفارتی، معاشی اور سیاسی امور کی ذمہ داریاں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے کو منتقل کر دی جائیں گی۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ قونصل خانے کی بندش کے باوجود پاکستان کے حوالے سے امریکی پالیسی اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ امریکا علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے، معاشی تعلقات کے فروغ اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے خیبر پختونخوا کے حکام اور عوام کے ساتھ قریبی روابط کا سلسلہ بدستور جاری رکھے گا۔