لاہور(رم نیوز) حکومتِ پنجاب نے صوبے کے معذور اور خصوصی افراد کو مینوئل دفتری چکروں سے نجات دلاتے ہوئے وہیل چیئر، سماعت کے آلات (ہیئرنگ ایڈز) اور دیگر معاون مصنوعات کی فراہمی کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا ہے۔ محکمہ سماجی بہبود کے مطابق، اب پنجاب کا کوئی بھی خصوصی فرد ان معاون آلات کے لیے گھر بیٹھے پنجاب حکومت کی آفیشل موبائل ایپلی کیشن ’مریم کو بتائیں‘ کے ذریعے چند سادہ مراحل میں اپنی درخواست آن لائن جمع کروا سکتا ہے۔
اس ڈیجیٹل اقدام کا مقصد دفتری تاخیر کو ختم کرنا اور مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر فوری ریلیف پہنچانا ہے۔ حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ معاون آلات کی جلد فراہمی کے لیے ایپ یا پورٹل پر جلد از جلد رجسٹریشن مکمل کریں۔ مزید معلومات، رجسٹریشن میں معاونت یا کسی بھی شکایت کے لیے حکومت کی مخصوص ہیلپ لائن 1000 پر مفت رابطہ کیا جا سکتا ہے۔