جدہ(رم نیوز) سعودی عرب نے خطے میں جاری حالیہ فوجی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے فوری طور پر تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تناؤ میں کمی لانے کی اپیل کی ہے، جبکہ بحران کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ جدہ میں سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی اور عالمی تجارتی گزرگاہوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں عالمی معیشت اور توانائی کی ترسیل کے تحفظ کے لیے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ اور بلارکاوٹ آمدورفت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق، ریاض حکومت خطے کو مزید عدم استحکام اور جنگ کی ہولناکیوں سے بچانے کے لیے سیاسی حل تلاش کرنے کے حق میں ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کی ثالثی کی سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کرتی ہے۔ علاوہ ازیں، سعودی کابینہ نے پاک ،سعودی برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے سعودی وزارتِ انصاف اور پاکستان کی وزارتِ قانون کے مابین باہمی تعاون کی ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) کی منظوری بھی دی ہے۔