راولپنڈی(رم نیوز) بھارت کے خلاف تاریخی 'معرکہِ حق' کو ایک برس مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان نے نئی عسکری تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اب ملکی دفاع کی لکیریں صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ دشمن کی سوچ پر کھینچی جائیں گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (ISPR) کی جانب سے جاری کردہ خصوصی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک سال قبل ہونے والے اس معرے نے قوم کے مورال کو ہمالیہ سے بلند کر دیا ہے۔ پیغام میں دوٹوک الفاظ استعمال کیے گئے ہیں کہ پاکستان کی جغرافیائی حدود اور خودداری پر کوئی سمجھوتہ کرنا ہماری لغت میں شامل نہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے پیغام میں ایک سچے سپاہی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا میرا انتخاب منجانب اللہ ہے تاکہ میں اس عظیم قوم کی نگہبانی کر سکوں۔ دنیا گواہ رہے کہ مجھے نہ اقتدار کی ہوس ہے اور نہ ہی میں کسی منصب کا طلبگار ہوں، میری زندگی کا حاصل صرف اور صرف پاکستان کا تحفظ ہے۔ رپورٹ کے مطابق 'معرکہِ حق' نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو دنیا کے صفِ اول کے جنگجوؤں کے طور پر منوایا ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی اور حربی جدت کے امتزاج سے پاک فضائیہ اب ایک ایسی طاقت بن چکی ہے جس کا سامنا کرنا دشمن کے لیے ناممکن ہوگا۔ افواجِ پاکستان نے دشمن کی کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلی بار جو ہوا وہ صرف ایک ٹریلر تھا؛ اگر دوبارہ ایسی جسارت کی گئی تو پاکستان کا ردِعمل دشمن کے لیے عبرت کا نشان بن جائے گا۔