اسلام آباد(رم نیوز)ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے 'معرکہِ حق' کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں کی تاریخی کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے دشمن کا غرور خاک میں ملا کر فضائی سرحدوں کا ناقابلِ تسخیر دفاع کیا ہے۔ ایئر چیف نے انکشاف کیا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے جدید ترین ایس400 (S400) ایئر ڈیفنس سسٹم کو لمحوں میں تباہ کر دیا اور ان کے بہترین لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے "سائبر شاہینوں" نے دشمن کی سائبر سکیورٹی کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا، جبکہ الیکٹرانک وارفیئر میں بھی بھارت کو دھول چٹا دی۔ ایئر چیف کے مطابق دشمن کی تمام اہم تنصیبات نشانے پر تھیں اور ریکارڈ وقت میں انہیں سبق سکھایا گیا۔ معرکہِ حق میں پاکستان نے اپنی بہترین ڈرون ٹیکنالوجی کا لوہا منوایا، جس نے حربی میدان میں برتری ثابت کی۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل نے واضح کیا کہ پہلگام فالز فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کے بے بنیاد الزامات کا جواب عمل سے دیا گیا، جس سے بھارتی فضائیہ کو عالمی سطح پر تذلیل کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے تمام جوانوں کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
بھارت کو سرینگر سے بھٹنڈا تک عبرت ناک شکست دی، ایس400 لمحوں میں راکھ بنا دیا:ایئر چیف