راولپنڈی(رم نیوز) پاکستان کی دفاعی تاریخ کے یادگار ترین معرکے 'آپریشن بنیان مرصوص' کو آج ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔ ایک سال قبل دشمن کی بزدلانہ مہم جوئی کے جواب میں دی گئی یہ وہ عبرتناک شکست تھی جس کے زخم بھارتی فوج آج تک نہیں بھول سکی ہے۔ گزشتہ برس 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فوج نے سرحدوں پر بلا اشتعال اشتعال انگیزی کی کوشش کی تھی۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا اور ریکارڈ وقت میں بھارت کے 3 جدید ترین رافیل طیاروں سمیت مجموعی طور پر 8 جنگی طیارے مار گرائے۔
آپریشن بنیان مرصوص نے نہ صرف بھارتی فضائیہ کی حربی برتری کا پول کھولا بلکہ مودی حکومت کو عالمی سطح پر شدید خفت اٹھانا پڑی۔ جہاں بھارتی انتظامیہ اپنی تباہی اور نقصانات کو چھپانے کی کوشش کرتی رہی، وہیں پاک فوج نے ملبے اور دیگر ناقابلِ تردید ثبوت دنیا کے سامنے پیش کر کے بھارتی پراپیگنڈے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔ فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں جشن کا سماں ہے اور قوم اپنی مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس آپریشن نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ شدت اور مہارت سے دیا جائے گا۔