وفاقی آئینی عدالت نے غیر استعمال شدہ پلاٹس پر ٹیکس (سیکشن 7E) ختم کر دیا

اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے رئیل سٹیٹ مارکیٹ پر بوجھ بننے والے انکم ٹیکس کے سیکشن 7E کو مکمل طور پر کالعدم قرار دے دیا ہے۔ چیف جسٹس آئینی عدالت، جسٹس امین الدین خان نے 30 اپریل کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے ایف بی آر کی تمام اپیلیں خارج کر دیں۔

عدالت نے سیکشن 7E کے تحت ایف بی آر کی جانب سے اب تک کی گئی تمام کارروائیوں اور اٹھائے گئے اقدامات کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ اس قانون کے ذریعے ان پراپرٹیز پر بھی ٹیکس عائد کیا گیا تھا جو کسی معاشی سرگرمی میں استعمال نہیں ہو رہی تھیں۔ عدالت نے اسے آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے شہریوں کی اپیلیں منظور کر لیں۔

وفاقی آئینی عدالت نے لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے سابقہ حمایتی فیصلوں کو مسترد کرتے ہوئے، پشاور اور بلوچستان ہائی کورٹس کے کالعدم قرار دینے والے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے۔اس فیصلے سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو براہ راست مالی ریلیف ملے گا اور ملک بھر میں جائیداد کی خرید و فروخت میں حائل ایک بڑی قانونی اور مالی رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔ چیف جسٹس کے مطابق، اس فیصلے کا مقصد رئیل سٹیٹ سیکٹر کو استحکام فراہم کرنا ہے۔