لاہور(رم نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات ،کلمہ چوک پر کنٹینرز جلانے سمیت 6 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 12 جون تک توسیع کر دی ہے۔ سماعت کے دوران سابق وفاقی وزراء اسد عمر اور اعظم سواتی سمیت دیگر اہم رہنما عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی جانب سے حاضری معافی کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے باعث حاضر نہیں ہو سکیں، جبکہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ڈیوٹی جج نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی ضمانتوں کی مدت میں اضافہ کرتے ہوئے وکلاء کو حکم دیا کہ وہ 12 جون کو ہونے والی آئندہ سماعت پر ضمانتوں پر اپنے حتمی دلائل مکمل کریں۔
9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات، اسد عمر اور اعظم سواتی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتوں میں توسیع