’معرکۂ حق‘ کا ایک سال، بھارت نے شکست مان کر سفید جھنڈا لہرایا، محسن نقوی

اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے 'معرکۂ حق' کو ایک سال مکمل ہونے پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے بھرپور دفاعی جواب کے سامنے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پڑے اور جنگ بندی کی اپیل کرنی پڑی۔ وزیرِ داخلہ نے انکشاف کیا کہ دشمن نے ایک پاکستانی بیس پر 16 میزائل فائر کیے، جن میں سے 14 کو پاک فوج نے فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا۔ اس کے علاوہ بھارتی ڈرون حملوں کو بھی سرحد پر ہی ناکام بنایا گیا۔

جنگ کے دوران صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم نے بنکرز میں جانے سے انکار کر دیا اور عسکری قیادت کے ساتھ فرنٹ لائن پر موجود رہے۔ محسن نقوی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمتِ عملی کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف ملک کا دفاع یقینی بنایا بلکہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کرانے میں بھی اہم سفارتی کردار ادا کیا۔ پاکستان نے پہلی بار دشمن کے سائبر حملوں کو ناکام بنایا، جبکہ قومی میڈیا نے متحد ہو کر دشمن کے پروپیگنڈے کو شکست دی۔ وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ بھارت کے اپنے اداروں نے اس آپریشن میں بھاری نقصان کا اعتراف کیا ہے اور آج پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف پوری دنیا کر رہی ہے۔