آئی ایم ایف بورڈ آج پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر قسط کی منظوری دے گا

اسلام آباد (رم نیوز) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان قرض پروگرام کے حوالے سے آج اہم پیش رفت متوقع ہے۔ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ آج واشنگٹن میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط کی حتمی منظوری دے گا۔ وزارتِ خزانہ کے حکام کے مطابق، اس رقم میں سے ایک ارب ڈالر تیسرے اقتصادی جائزے کی کامیابی پر، جبکہ 210 ملین ڈالر اضافی طور پر آر ایس ایف پروگرام کے تحت ملیں گے۔ وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام پیشگی شرائط اور اہداف مکمل کر لیے ہیں، جس کے بعد قرض کی منظوری میں اب کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔ واضح رہے کہ 27 مارچ کو ہونے والے اسٹاف لیول معاہدے کے بعد پاکستان نے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر تیزی سے عمل درآمد کیا ہے، جس کے مثبت نتائج آج بورڈ اجلاس میں منظوری کی صورت میں سامنے آئیں گے۔