اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ بندرگاہوں پر اصلاحات اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ٹرمینل آپریٹرز کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے مطالبہ کیا کہ بندرگاہی خدمات کو ٹیلی کمیونیکیشن کی طرز پر باقاعدہ صنعت کا درجہ دیا جائے اور ٹیکسوں کو سادہ بنا کر سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے۔ وفاقی وزیر نے ان تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ کاروباری استحکام کے لیے پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ حکومت ایک جدید "انرجی سٹی" قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جہاں توانائی کی مختلف اقسام کے لیے بانڈڈ اسٹوریج کی سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے نجی شعبے کو دعوت دی کہ وہ کنسورشیم بنا کر اس منصوبے اور پورٹ قاسم پر ملٹی پرپز ٹرمینل کی تعمیر میں حصہ لیں۔ بندرگاہوں کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ سے دہائیوں پرانے کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں، جس سے کارگو ہینڈلنگ اور رش کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر حکومت اور نجی شعبے کے درمیان اشتراکِ عمل بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ ملک کی بحری معیشت (بلیو اکانومی) کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا سکے۔
بلیو اکانومی کا فروغ، "انرجی سٹی" کا قیام اور بندرگاہی شعبے کو صنعت کا درجہ دینے پر غور