ایران جنگ کے خاتمے کی کوشش، صدر ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان 'فیصلہ کن' ملاقات اگلے ہفتے ہوگی

بیجنگ/واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگلے ہفتے بیجنگ کا دورہ کریں گے جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں ایران جنگ کا خاتمہ ایجنڈے پر سرفہرست ہوگا۔ یہ اہم اجلاس مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کی وجہ سے مارچ 2026 سے مؤخر ہوتا آ رہا تھا۔

صدر ٹرمپ نے چینی صدر کے مؤقف کو 'قابلِ احترام' قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس ملاقات سے جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگی۔ دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بیجنگ ایران کے مسئلے پر امریکی ضرورت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دیگر عالمی تنازعات پر واشنگٹن سے رعایتیں حاصل کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔ واشنگٹن کو امید ہے کہ یہ دورہ دونوں طاقتوں کے درمیان تزویراتی تعلقات میں بہتری کا باعث بنے گا۔