انسٹاگرام کا ’میگا کریک ڈاؤن‘، جعلی اکاؤنٹس کے خاتمے سے عالمی ستاروں کی مقبولیت کا گراف گر گیا

کیلیفورنیا (رم نیوز)سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے شفافیت کی جانب بڑا قدم اٹھاتے ہوئے مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے لاکھوں مشتبہ اور ’بوٹ اکاؤنٹس‘ کو حذف کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے نتیجے میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑیوں اور فنکاروں کے فالوورز کی تعداد میں کروڑوں کی اچانک کمی واقع ہوئی ہے، جس نے ڈیجیٹل دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔ انسٹاگرام کے اس کریک ڈائون کی زد میں سب سے زیادہ ہالی وڈ سٹار کیلی جینر آئیں، جن کے فالوورز میں 1 کروڑ 50 لاکھ کی بڑی کمی دیکھی گئی۔ اسی طرح فٹ بال لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو 80 لاکھ، جبکہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ 50 لاکھ فالوورز سے محروم ہو گئیں۔ جنوبی کورین بینڈ بی ٹی ایس اور آریانا گرانڈے کے اکاؤنٹس سے بھی تقریباً 70 لاکھ فالوورز حذف کیے گئے۔

میٹا ذرائع کے مطابق، اس مہم کا مقصد پلیٹ فارم سے سپام، غیر حقیقی سرگرمیوں اور مصنوعی طریقے سے بڑھائے گئے فالوورز کا خاتمہ کرنا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کسی سائبر حملے کا نتیجہ نہیں بلکہ انسٹاگرام کے سیکیورٹی سسٹم کا حصہ ہے تاکہ برانڈز اور صارفین کو کسی بھی شخصیت کی ’اصل‘ مقبولیت کا اندازہ ہو سکے۔ جہاں اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے، وہیں صارفین کی جانب سے یہ تشویش بھی ظاہر کی گئی ہے کہ اس عمل میں کچھ ایسے حقیقی اکاؤنٹس بھی متاثر ہو سکتے ہیں جو طویل عرصے سے غیر فعال تھے یا ان افراد کے تھے جو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ میٹا نے تاحال اس کارروائی کے حجم پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔