کراچی (رم نیوز) شہرِ قائد میں ایک بار پھر موسم گرم اور مرطوب ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید حبس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران کراچی میں گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جائے گی۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آج اور اتوار پارہ 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
ہفتہ کو درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔ ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 55 سے 65 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت اصل ریڈنگ سے کہیں زیادہ ہوگی۔ شہر میں سمندر کی جنوب مغربی ہواؤں کے ساتھ ساتھ مغربی سمت کی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔کراچی کے برعکس اندرونِ سندھ کے اضلاع میں صورتحال مزید تشویشناک ہے۔ سندھ کے وسطی اور بالائی علاقے 11 مئی تک شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔ دادو، شہید بینظیر آباد، جیکب آباد اور سکھر میں پارہ 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کر سکتا ہے۔
لاڑکانہ، خیرپور اور گھوٹکی: یہاں بھی سورج آگ برسائے گا اور دن کے اوقات میں شدید لو چلنے کا امکان ہے۔شدید گرمی اور حبس کے پیشِ نظر طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ پانی اور مائعات کا استعمال بڑھا دیں تاکہ جسم میں نمکیات کی کمی نہ ہو۔ باہر نکلتے وقت سر پر گیلا کپڑا یا ٹوپی استعمال کریں۔ ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں تاکہ حبس کا اثر کم سے کم ہو۔انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہیٹ سٹروک سینٹرز کو فعال رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔