بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ہر پاکستانی کے خون کا حساب لیں گے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی(رم نیوز)چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری، قومی وقار اور سرحدی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں “معرکۂ حق” کی پہلی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا قومی اتحاد، جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت سے جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن جنگ تھی جس میں حق کو فتح حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں طاقت کا توازن اپنے حق میں تبدیل کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے، تاہم پاکستان ہر قسم کی عسکری اور سفارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا جا چکا ہے اور مستقبل میں کسی بھی مہم جوئی کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے بھارت نے مختلف عالمی طاقتوں کے ذریعے جنگ بندی کی خواہش ظاہر کی، جسے پاکستان نے خطے کے امن کے وسیع تر مفاد میں قبول کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے حوالے سے کہا کہ بھارت ایک بار پھر دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، جبکہ افغانستان کو اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد مراکز کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے پاک فوج، فضائیہ، بحریہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، میڈیا، نوجوانوں اور پاکستانی عوام کے کردار کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اور افواج پاکستان ایک ہیں اور ملکی دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔