ایران کا جواب مسترد، صدر ٹرمپ نے امریکی جنگ بندی منصوبہ ناقابلِ قبول قرار دے دیا

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ کے خاتمے کیلئے پیش کیے گئے امریکی منصوبے پر ایران کے ردعمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کی جانب سے دیا گیا جواب ناقابلِ قبول ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے ایران کے نمائندوں کی جانب سے بھیجا گیا جواب پڑھ لیا ہے، تاہم یہ جواب انہیں بالکل پسند نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا مؤقف مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ اس معاملے پر کوششیں جاری ہیں۔ تاہم واشنگٹن اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا جواب پاکستان کے ذریعے امریکہ تک پہنچایا گیا۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کے عمل میں کردار ادا کیا۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال بدستور حساس ہے، جبکہ سفارتی سطح پر تنازع کے حل کیلئے مختلف کوششیں جاری ہیں۔