گوادر پورٹ کو عالمی تجارتی حب بنانے کی جانب بڑا قدم، بحری جہازوں کیلئے پورٹ چارجز میں کمی

اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے گوادر بندرگاہ کے ذریعے عالمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایک انقلابی پیکج کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد بندرگاہ کو علاقائی لاجسٹکس کا مرکز بنانا ہے۔ وزارت بحری امور کے اعلامیے کے مطابق، گوادر پورٹ پر کنٹینر بردار جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25 فیصد، جبکہ انٹرنیشنل ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز کے پورٹ چارجز میں 40 فیصد کی ریکارڈ کمی کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر چارجز 31 فیصد تک کم کر دیے گئے ہیں تاکہ عالمی شپنگ لائنز کو زیادہ سے زیادہ مراعات فراہم کی جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ جنرل کارگو لانے والے تاجروں کو ایک ماہ تک مفت اسٹوریج کی سہولت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے شپنگ کمپنیوں کے اخراجات میں واضح کمی آئے گی جس سے بندرگاہ پر کارگو ہینڈلنگ اور معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔اس حوالے سے چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کا کہنا ہے کہ نئے ٹیرف سے نہ صرف ملکی تجارت بڑھے گی بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع تر مواقع بھی پیدا ہوں گے۔