نیویارک (رم نیوز)امریکہ سے کیریبین جزائر کے 11 روزہ سفر پر روانہ ہونے والے لگژری کروز شپ ’کیریبیئن پرنسس‘ میں خطرناک ’نورو وائرس‘ پھیلنے سے عملے سمیت سیکڑوں مسافر بیمار ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 اپریل کو فلوریڈا سے روانہ ہونے والے اس جہاز پر 3000 سے زائد افراد سوار تھے، جن میں سے اب تک 102 مسافروں اور عملے کے 13 ارکان میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ متاثرہ افراد میں اسہال، الٹی اور معدے میں شدید درد کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
امریکی طبی حکام کا کہنا ہے کہ نورو وائرس ایک انتہائی متعدی بیماری ہے جو آلودہ پانی، خوراک یا متاثرہ شخص کے ساتھ رابطے میں آنے سے بجلی کی تیزی سے پھیلتی ہے۔ اس وائرس کی خاص بات یہ ہے کہ مریض بظاہر صحت یاب ہونے کے باوجود کئی دنوں تک یہ وائرس دوسروں کو منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جہاز کی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کے تحت تمام متاثرہ افراد کو قرنطینہ کر دیا ہے اور جہاز کے مختلف حصوں میں جراثیم کش اسپرے کے ذریعے صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے ماہرین کی ٹیمیں نمونوں کی جانچ کر رہی ہیں۔یاد رہے کہ رواں سال کے دوران اس کمپنی کے جہازوں میں وائرس پھیلنے کا یہ چوتھا واقعہ ہے، جس نے بین الاقوامی بحری سیاحت کے شوقین افراد میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔