کراچی (رم نیوز)کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 8 میں عید قرباں کے لیے لائے گئے مویشیوں پر چوروں نے ہاتھ صاف کر لیا۔ نامعلوم ملزمان ایک ہی رات میں 25 بکرے چوری کر کے فرار ہو گئے، جس سے بیوپاری کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ یہ واردات جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب پیش آئی۔ متاثرہ بیوپاری کا کہنا ہے کہ وہ یہ بکرے عید پر فروخت کے لیے لائے تھے جن کی مالیت 19 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
ملزمان کار اور موٹر سائیکلوں پر آئے تھے اور پلاٹ پر بندھے بکروں کو سوزوکی میں لاد کر فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ملیر کینٹ تھانے میں رپورٹ درج کروا دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کی جگہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی گئی ہیں، جن کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔