واشنگٹن (رم نیوز)امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ بھارت کے جھوٹے بیانیے کی کمزوریاں اب دنیا کے سامنے پوری طرح واضح ہو چکی ہیں، جبکہ پاکستان کا مؤقف آج بھی ثبوتوں اور حقائق پر مبنی ہے۔ ایک خصوصی انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ 'معرکہ حق' کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے ایک ذمہ دار اور اہم کردار کے طور پر ابھرا ہے۔
انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے پر پاکستان نے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، مگر بھارت نے ہمیشہ کی طرح بغیر ثبوت الزامات لگا کر جارحیت کا راستہ اختیار کیا، جس کے جواب میں پاکستان نے مثالی عسکری اور سفارتی پختگی کا مظاہرہ کیا۔ سفیر رضوان سعید شیخ نے قومی دفاع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ محدود دفاعی اخراجات کے باوجود مضبوط قومی عزم ہماری اصل طاقت ہے، تاہم اب ہمیں اپنی معیشت کو بھی دفاع کی طرح ناقابلِ تسخیر بنانا ہوگا۔ پانی کے تنازع اور سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اس عالمی معاہدے کو معطل کرنے کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
پاکستانی سفیر نے قیامِ امن کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے فعال کردار کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے منصفانہ رویہ برقرار رکھا جائے گا۔