تہران (رم نیوز)ایران کی نوبل امن انعام یافتہ انسانی حقوق کی کارکن نرگس محمدی کو ضمانت مل گئی ہے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر تہران کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نرگس محمدی گزشتہ ایک ہفتے سے سینے، کمر اور بازوؤں میں شدید درد کی شکایت کر رہی تھیں۔ ان کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث حکام نے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ اپنی مرضی کی میڈیکل ٹیم سے علاج کروا سکیں۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ نرگس محمدی کی اپنی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا طبی معائنہ اور علاج کرے گی۔ یاد رہے کہ نرگس محمدی طویل عرصے سے ایران کی ایون جیل میں قید تھیں اور عالمی برادری کی جانب سے ان کی صحت اور رہائی کے حوالے سے مسلسل مطالبات کیے جا رہے تھے۔طبی ماہرین نے ان کی ہسپتال منتقلی کو ضروری قرار دیا تھا تاکہ ان کے سینے اور دیگر جسمانی تکالیف کی درست تشخیص کی جا سکے۔