اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے گوادر بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گہرے سمندر کی اس بندرگاہ پر ایک اور کارگو جہاز ’ایم وی یوان ہانگ ویئے‘ کامیابی سے لنگر انداز ہو گیا ہے۔ یہ جہاز 11 مئی کی صبح 10 بج کر 15 منٹ پر گوادر پہنچا، جس پر تقریباً 34 ہزار ٹن مال اور 20 ہزار کے قریب مختلف اشیاء موجود ہیں۔
یہ کارگو ابو ظہبی اور کویت کے لیے ہے، جسے گوادر بندرگاہ پر اتار کر ٹرانس شپمنٹ کے ذریعے متعلقہ ممالک روانہ کیا جائے گا۔وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر پر بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیاں عالمی شپنگ لائنز کے اسٹریٹجک اعتماد کی عکاس ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ اسے خطے کے ایک بڑے لاجسٹکس مرکز کے طور پر منوایا جا سکے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ ٹرانس شپمنٹ کی ان سرگرمیوں سے نہ صرف گوادر کی اہمیت بڑھے گی بلکہ پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے کی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔