امریکہ کے غیر معقول مطالبات مسترد، جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے: ایران

تہران (رم نیوز) ایران کی وزارت خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ رویے اور مطالبات کو "غیر معقول" قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تہران اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس بریفنگ میں کہا کہ اگر ایران کو لڑنے پر مجبور کیا گیا تو وہ بھرپور مقابلہ کرے گا، تاہم سفارت کاری کے دروازے اب بھی کھلے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ذریعے ٹرمپ کی تجویز کا جو جواب بھیجا گیا وہ انتہائی منصفانہ تھا، لیکن واشنگٹن ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو ناقابلِ قبول ہے۔

دوسری جانب ایرانی حکام نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں کوئی بھی شخص ٹرمپ کو خوش کرنے کے لیے پالیسیاں نہیں بناتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی ایرانی جواب سے ناراضگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ حقائق کو تسلیم کرنے کے بجائے ایران کو دبانا چاہتے ہیں، جس میں وہ پہلے بھی ناکام رہے ہیں۔ علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے تہران نے واضح کیا کہ بیرونی مداخلت خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے اور کسی بھی فریق کی جانب سے استحکام کو نقصان پہنچانے والی کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔