اسلام آباد میں خودکش حملے کی بڑی سازش ناکام، خاتون دہشت گرد گرفتار: سرفراز بگٹی

کوئٹہ (رم نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون خودکش حملہ آور کو گرفتار کیا گیا ہے جسے اسلام آباد میں حملے کا ہدف دیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ دہشت گرد خواتین کو اس گھناؤنے کھیل کے لیے استعمال کر رہے ہیں جو کہ انتہائی شرمناک اقدام ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم اپنی بچیوں کو تعلیم دے کر بااختیار بنانا چاہتے ہیں، جبکہ دہشت گرد انہیں خودکش جیکٹس پہنا کر موت کے منہ میں دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور ایک بڑی تباہی ٹل گئی۔ وزیر اعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ ریاست دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔