قوم کے نڈر بیٹے نے ہولناک تباہی کا راستہ روک لیا'؛ وزیراعظم کا شہید لیاقت کی شجاعت کو سلام

اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خوشحال گڑھ پل کے قریب دہشت گردی کی ایک بڑی لہر کو اپنی جان پر کھیل کر ناکام بنانے والے بہادر شہری لیاقت شہید کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سنگم پر واقع اس اہم پل پر ایک مشتبہ شخص کی موجودگی پر لیاقت نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے روکا۔ اسی دوران دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ لیاقت کی اس بروقت مداخلت نے نہ صرف پل کو تباہ ہونے سے بچایا بلکہ وہاں موجود سینکڑوں شہریوں کی جانیں بھی محفوظ کر لیں، تاہم اس کوشش میں انہوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کی حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا شہید لیاقت نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کا ہر شہری دہشت گردی کے خلاف ایک سپاہی ہے۔ ان کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور وہ قوم کے ہر فرد کے لیے ہمت و شجاعت کی ایک اعلیٰ مثال ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ دشمن کے بزدلانہ وار پاکستان کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہید لیاقت جیسے بہادر شہری ملک کا اصل اثاثہ اور فخر ہیں۔ وزیراعظم نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اپنے اس ہیرو کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔