ماسکو/ریاض(رم نیوز) سعودی عرب اور روس کے درمیان باہمی ویزا فری سفری معاہدہ 11 مئی 2026 سے باقاعدہ طور پر نافذ ہو گیا ہے۔ اس تاریخی اقدام کے تحت اب دونوں ممالک کے شہری مختصر مدت کے دوروں کے لیے کسی پیشگی ویزا کے بغیر ایک دوسرے کے ملک کا سفر کر سکیں گے۔ روسی اور سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ سہولت عام، سفارتی اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے تمام شہریوں کے لیے دستیاب ہوگی۔ معاہدے کی بنیادی شرائط درج ذیل ہیں۔شہری ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 90 دن تک قیام کر سکیں گے۔یہ سہولت صرف سیاحت، کاروباری میٹنگز، خاندانی ملاقاتوں اور مختصر دوروں کے لیے ہوگی۔ ملازمت، تعلیم، مستقل رہائش، اور مذہبی فرائض (حج و عمرہ) کے لیے تاحال باقاعدہ ویزا حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
روسی وزارتِ اقتصادی ترقی کے حکام کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور تجارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ یاد رہے کہ یہ معاہدہ دسمبر 2025 میں ریاض میں "سعودی روسی سرمایہ کاری و بزنس فورم" کے دوران ہوا تھا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق، روس دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس کے ساتھ سعودی عرب نے عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے مکمل ویزا فری معاہدہ کیا ہے، جو دونوں طاقتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی اعتماد اور مضبوط ہوتے سفارتی رشتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ماہرین اس پیش رفت کو عالمی سیاحت اور خاص طور پر خلیجی خطے کی معیشت کے لیے گیم چینجر قرار دے رہے ہیں۔