اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے نئے مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا اہم وفد آج اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ یہ دورہ پاکستان کے معاشی مستقبل اور نئے بجٹ کے خدوخال طے کرنے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد اور پاکستان کی معاشی ٹیم کے درمیان مذاکرات کا باضابطہ آغاز کل (13 مئی) سے ہوگا۔ ایک ہفتے تک جاری رہنے والی ان نشستوں میں درج ذیل اہم امور نئے بجٹ کے لیے ٹیکس وصولیوں کے اہداف اور محصولات بڑھانے کے لیے ممکنہ نئے اقدامات، ترقیاتی اخراجات: وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے مختص کیے جانے والے فنڈز اور اخراجات کا تخمینہ، حکومتی اخراجات میں کمی اور مالیاتی خسارے کو قابو میں رکھنے کے لیے تجاویز پر غور، آئی ایم ایف کے پروگرام کی شرائط اور ملکی بجٹ کے درمیان توازن پیدا کرنے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر بات چیت کی جائے گی۔
آئی ایم ایف کا یہ دورہ 20 مئی تک جاری رہے گا، جس کے دوران بجٹ 27-2026 کی ابتدائی تجاویز تیار کی جائیں گی۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ وفد کی آمد کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ پاکستان آئندہ مالی سال میں مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھے اور ریونیو بڑھانے کے لیے ٹھوس اصلاحات نافذ کرے۔