لکی مروت میں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی، موٹر سائیکل دھماکے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید

لکی مروت(رم نیو ز) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے سرائے نورنگ بازار کو نشانہ بنایا ہے، جہاں سڑک کے بیچوں بیچ بارود سے بھری موٹر سائیکل کے دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ڈی پی او لکی مروت نذیر خان کے مطابق دہشت گردوں نے بارودی مواد (آئی ای ڈی) ایک موٹر سائیکل میں نصب کر رکھا تھا، جسے بازار کے پرہجوم علاقے میں اڑا دیا گیا۔ اس دلخراش واقعے میں دو ٹریفک پولیس اہلکار اور سات شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ 18 افراد شدید زخمی ہیں۔

تمام زخمیوں کو فوری طور پر سرائے نورنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں اور ملوث عناصر کی تلاش جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور شہدا کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔