آئی سی سی کا امپائرز پینل میں بڑی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ، پاکستانی امپائر احسن رضا کی جگہ برقرار

دبئی (رم نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ سیزن 2026-27 کے لیے اپنے آفیشلز کے انتخاب کو حتمی شکل دے دی ہے۔ آئی سی سی نے موجودہ ایلیٹ پینل آف امپائرز اور میچ ریفریز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اگلے ایک سال کے لیے برقرار رکھنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق، امپائرز کی کارکردگی کا سالانہ بنیادوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس عمل میں فیصلوں کی درستگی، ٹیکنالوجی کے استعمال (تھرڈ امپائرنگ) اور مشکل حالات میں دباؤ کو سنبھالنے جیسے عوامل کو مدنظر رکھا گیا۔ سلیکشن پینل نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ موجودہ ٹیم بہترین نتائج دے رہی ہے، لہٰذا اس میں کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں۔عالمی امپائرنگ کے اس اعلیٰ ترین درجے (ایلیٹ پینل) میں پاکستان کے احسن رضا اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

احسن رضا گزشتہ چند برسوں سے عالمی سطح پر اپنی غیر جانبدارانہ اور بہترین امپائرنگ کے باعث پینل کا مستقل حصہ ہیں۔ نئے سیزن کے لیے برقرار رکھے گئے امپائرز میں درج ذیل نام پاکستان، احسن رضا، انگلینڈ، رچرڈ ایلنگ ورتھ، رچرڈ کیٹلبرو، ایلکس وہارف ، آسٹریلیا، پال ریفل، روڈنی ٹکر، جنوبی افریقہ، ایڈرین ہولڈاسٹاک، الاؤالدین پالیکر، کمار دھرماسینا (سری لنکا)، نتن مینن (بھارت)، کرسٹوفر گیفانی (نیوزی لینڈ) اور شرف الدولہ ابن شاہد (بنگلہ دیش) شامل ہیں۔میچ ریفریز کے پینل میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جس میں جیف کرو، رنجن مدوگالے، اینڈی پائی کرافٹ، رچی رچرڈسن اور جواگل سری ناتھ جیسے تجربہ کار کھلاڑی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔