کراچی(رم نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 1.3 ارب ڈالر کی اہم قسط موصول ہوگئی ہے۔سٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق، یہ فنڈز آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے 8 مئی کو تیسرے جائزے کی منظوری کے بعد جاری کیے گئے۔
موصولہ رقم ای ایف ایف اور آر ایس ایف پروگراموں کا حصہ ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 914 ملین ایس ڈی آر منتقل کیے گئے ہیں۔ یہ رقم براہ راست سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں شامل کی جائے گی، جس کے اثرات 15 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتہ وار اعداد و شمار میں واضح ہوں گے۔ واضح رہے کہ ستمبر 2024 میں شروع ہونے والے اس پروگرام کے تحت پاکستان اب تک مجموعی طور پر 4.6 ارب ڈالر حاصل کر چکا ہے، جس سے ملکی معیشت اور ادائیگیوں کے توازن میں استحکام کی توقع ہے۔