مون سون میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل کی جائیں: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے رواں برس مون سون کے سیزن کے دوران ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات اور تیاریوں کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔یہ ہدایات وزیراعظم نے وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سے ملاقات کے دوران جاری کیں۔ ملاقات میں وزیراعظم کو مون سون کی آمد اور اس سے نمٹنے کے لیے حکومتی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو درج ذیل اہم امور سے آگاہ کیا گیا۔ پہاڑی علاقوں میں گلیشیئر پھٹنے اور اچانک آنے والے سیلاب سے بروقت آگاہی کے لیے نصب کیے گئے وارننگ سسٹم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید فعال اور جدید بنایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ریسکیو آپریشن شروع کیا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیشِ نظر پیشگی تیاری ہی نقصان کو کم کرنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو حکم دیا کہ وہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔