اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میرین اکیڈمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اسے ڈگری ایوارڈنگ ادارہ بنایا جا رہا ہے، جس کا بل جلد قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔ کراچی میں پاکستان میرین اکیڈمی کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اکیڈمی کی اپ گریڈیشن اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پورٹ قاسم سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے 42 کروڑ 10 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ ادارے کے 14 انسٹرکٹرز کو کوالیفائیڈ ٹرینرز کا درجہ دے دیا گیا ہے جبکہ پورٹ حکام کے اہلکاروں کو جدید پیشہ ورانہ تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر خصوصی ہدایت جاری کی کہ اکیڈمی اپنے تربیتی پروگراموں کا دائرہ کار بلوچستان کے طلبہ تک بھی وسیع کرے تاکہ وہاں کی نوجوان نسل کو بحری شعبے میں روزگار کے بہتر مواقع مل سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکیڈمی کو اپ گریڈ کرنے کا مقصد عالمی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا ہے جو ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکے۔
پاکستان میرین اکیڈمی کو ڈگری دینے والے ادارے کا درجہ دینے کا فیصلہ، بل جلد پیش ہوگا